ممبئی،27/جنوری (ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں بھی دہلی کے شاہین باغ کے طرز پر شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور قومی شہری رجسٹر (این آرسی) کو لے کر مظاہرہ شروع ہو گیا ہے۔ ممبئی کے ناگپاڑہ علاقے میں گزشتہ رات 10 بجے سے مظاہرین سی اے اے اور این آرسی کیخلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔ دہلی سمیت ملک کے کئی ریاستوں میں گزشتہ ایک ماہ سے سی اے اے اور این آرسی کیخلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔شاہین باغ کی طرز پر سوشل میڈیا پر #mumbaiBagh کا استعمال کرکے لوگوں کو اس مظاہرہ میں شرکت کی اپیل کر رہے ہیں۔ ممبئی سینٹرل ناگپاڑہ علاقے میں ہو رہے اس مظاہرہ میں لوگ مسلسل حکومت اور اس کی پالسیوں کیخلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سی اے اے اور این آرسی کو لے کر حکومت کوئی فیصلہ نہیں لیتی، اس وقت ہماری یہ جد و جہد جاری رہے گی۔اس مظاہرہ میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں جو ہاتھوں میں ترنگا، بینر اور پوسٹرس لے کر سڑک پر بیٹھی ہوئی ہیں۔ مظاہرہ میں ممبئی پولیس بھی پہنچی، جس سے لوگوں کو سمجھا کر وہاں سے دفع کردیا۔معروف اداکار نصیر الدین شاہ، فلم ساز میرا نائر، گلوکار ٹی کرشنا، مصنف امتاؤ گھوش، مؤرخ روملا تھاپر سمیت 300 سے زیادہ شخصیات نے سی اے اے اور این آرسی کی مخالفت کرنے والے طلبا اور دیگرمظاہرین کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی ہے۔